کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرانان بازار میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ اور محنت کش مزدوروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنے والے بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی ظالمانہ اور بزدلانہ ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کا خون بہانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور اس طرح کے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فیصلہ کن کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری حکومت اور قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
