کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے واقعے میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو کسی قسم کی رعایت نہ دینے کا حکم دیتے ہوئے وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ متبادل دنوں میں اپنی ذاتی موجودگی میں اسپتال کی نگرانی کریں اور علاج معالجے و حفاظتی انتظامات کی بہتری یقینی بنائیں۔ کرغزستان سے واپسی پر ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کو پمز آتشزدگی کی تحقیقات اور صحت کے شعبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے صحت کے شعبے میں اصلاحات تیز کرنے اور اسپتال میں تمام حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ 26 اگست کو پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ وارڈ کی نرسری میں آتشزدگی سے 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ایک بچہ زندہ بچایا گیا تھا۔
