کوئٹہ ( روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)آل پارٹیز، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کی اپیل پر ضلع لورالائی، پشین اور قلعہ سیف اللہ میں سانحہ زیارت مانگی کچھ اور سانحہ ہنہ اوڑک کے خلاف بڑے احتجاجی اجتماعات اور ریلیاں منعقد کی گئیں، جن میں سیاسی جماعتوں، تاجر تنظیموں، سماجی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے کوئلہ پھاٹک دھرنا کمیٹی کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے سانحہ زیارت اور ہنہ اوڑک کی آزادانہ، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ احتجاج کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور صوبے میں پائیدار امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
