کوئٹہ (ویب نیوز) ضلع زیارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مختلف تھانوں میں تعینات 30 پولیس اہلکاروں نے اجتماعی طور پر اپنے استعفے متعلقہ حکام کو جمع کرا دیے ہیں، تاہم ان استعفوں کی سرکاری طور پر نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی وجوہات سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب ضلع نوشکی میں عین الدین روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گشتی پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
