کوئٹہ (ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں ضلع زیارت کے علاقوں کچ اور مانگی میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور اہلکاروں کے لاپتا ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع خصوصاً ہرنائی، کوئٹہ، زیارت، پشین اور پشتون بیلٹ کے دیگر علاقوں میں بڑھتی ہوئی بدامنی انتہائی تشویشناک ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شابان، منگلہ، ہنہ اوڑک، کلی ببری، شاہرگ، مانگی اور کچ سمیت مختلف علاقوں میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات کے باعث شہری شدید خوف، بے چینی اور عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ عام شہریوں کے ساتھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو بھی مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کے پس پردہ عناصر اور ان کے مقاصد کو بے نقاب کیا جائے اور دہشت گردی کے تسلسل کو روکنے کے لیے فوری، مؤثر اور نتیجہ خیز حکمت عملی اختیار کی جائے، بصورت دیگر یہ صورتحال پورے صوبے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور حکومت کی بنیادی آئینی ذمہ داری ہے، لہٰذا حکومت اور متعلقہ ادارے دہشت گردی کے خاتمے، عوام کے تحفظ اور متاثرہ علاقوں میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں۔ پارٹی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتا اہلکاروں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ بھی کیا۔
