پاکستان ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

ریاست اور مسلح افواج کے خلاف مبینہ پراپیگنڈا، نورین نیازی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

اسلام آباد (ویب نیوز): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کے خلاف ریاستی اداروں اور مسلح افواج کے خلاف مبینہ پراپیگنڈا کرنے کے الزام میں پیکا ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق نورین نیازی نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے اور گمراہ کن بیانات دیے، جنہیں بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا گیا۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان بیانات سے ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی اور نفرت پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ این سی سی آئی اے کے مطابق نورین نیازی کو متعدد بار طلبی نوٹس جاری کیے گئے تاہم ابتدائی شواہد کی بنیاد پر ان کے خلاف پیکا کی دفعات 20، 26-اے اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 505 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔