کوئٹہ (ویب نیوز) روزنامہ جنگ کوئٹہ کی ایڈیٹوریل کمیٹی کے چیئرمین اور سینئر صحافی سید خلیل الرحمن انتقال کر گئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، جنرل سیکرٹری مابت کاکا، بلوچستان میڈیا فورم، افغان قومی موومنٹ کے سربراہ احمد خان، رائٹرز گلڈ آف اسلام پاکستان، جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان حافظ عبدالغنی شہزاد اور بلوچستان پرنٹ میڈیا کے چیئرمین سید انور شاہ نے روزنامہ جنگ کوئٹہ کی ادارتی کمیٹی کے چیئرمین اور سینئر صحافی سید حاجی خلیل الرحمن کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیانات میں انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک باصلاحیت، تجربہ کار، باوقار، اصول پسند، سنجیدہ اور ذمہ دار صحافی تھے جنہوں نے اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی صحافت کے لیے وقف کی اور غیر جانب دار، معیاری اور ذمہ دار صحافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ حاجی خلیل الرحمن کی صحافتی، ادبی اور فکری خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی، ان کی وفات سے بلوچستان کی صحافتی برادری ایک معتبر اور تجربہ کار شخصیت سے محروم ہوگئی ہے اور ان کا خلا مدتوں محسوس کیا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، روزنامہ جنگ کی انتظامیہ و ادارتی ٹیم اور صحافتی برادری سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سید حاجی خلیل الرحمن مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، انہیں جوارِ رحمت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل و حوصلہ عطا کرے۔ آمین۔
