پاکستان ۲۶ اگست ۲۰۲۶

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کی عالمی میڈیا میں بھرپور کوریج

اسلام آباد( ویب نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ ایران کو عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج ملی۔ امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق دورے کا بنیادی مقصد واشنگٹن اور تہران کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کو دوبارہ پٹری پر لانا تھا، جبکہ رائٹرز کے مطابق دورے سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اعلیٰ حکام سے بات چیت بھی ہوئی تھی۔ ایرانی صدارتی دفتر نے دورے کو انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اہم سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں اور ان کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، محسن رضائی، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں، جن میں کشیدگی روکنے، آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے پر گفتگو ہوئی۔