مقامی ۲۲ جولائی ۲۰۲۶

دینی مدارس کی رجسٹریشن میں رکاوٹیں ختم کی جائیں، قانون پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے حافظ محمد صدیق مدنی

کوئٹہ(ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام چمن بلوچستان کے رہنما حافظ محمد صدیق مدنی نے کہا ہے کہ دینی مدارس ملک کے اہم دینی و تعلیمی ادارے ہیں اور ان کی قانونی رجسٹریشن میں غیر ضروری رکاوٹیں ناقابل قبول ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق قانون سازی کر چکی ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ قانون پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مدارس کے منتظمین کو بلاوجہ دفاتر کے چکر لگوائے جاتے ہیں اور رجسٹریشن کے عمل میں تاخیر کی جاتی ہے، جو قانون اور انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مکاتبِ فکر کے مدارس کے آئینی و قانونی حقوق کا احترام کرتے ہوئے رجسٹریشن کا نظام شفاف، آسان اور بلاامتیاز بنایا جائے، جبکہ حکومت دینی مدارس کے ساتھ محاذ آرائی کے بجائے باہمی اعتماد اور قانون کی بالادستی پر مبنی پالیسی اختیار کرے۔