پاکستان ۶ ستمبر ۲۰۲۶

دہشتگردی سے متعلق مریم نواز کی گفتگو کو منفی انداز میں پیش کرنا افسوسناک ہے، مریم اورنگزیب

لاہور(ویب نیوز) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی دہشتگردی کے خلاف اقدامات سے متعلق گفتگو کو سوشل میڈیا پر منفی انداز میں پیش کیا جانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب دہشتگردوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت اور اس سے لاحق خطرات کے بارے میں بات کر رہی تھیں۔ مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز صوبوں اور ان میں بسنے والی تمام اقوام کا ہمیشہ احترام کرتی ہیں، جبکہ منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر دہشتگردوں کے سہولت کار اور قوم میں تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو درپیش دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بارڈر ایریاز میں مشترکہ چیک پوسٹوں کو مضبوط کیا گیا ہے اور انٹیلی جنس ہب سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا اہم مرکز ہوگا۔