کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان کی پوزیشن بنگلہ دیش کے خلاف مشکل صورتحال اختیار کر گئی ہے۔پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے ہیں اور ٹیم کو فتح کے لیے مزید 121 رنز درکار ہیں۔ کریز پر محمد رضوان 75 رنز کے ساتھ موجود ہیں جبکہ ساجد خان 8 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔اس سے قبل پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا نے 71، 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں، جبکہ بابر اعظم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اذان اویس 21، عبداللہ شفیق اور سعود شکیل 6، 6 رنز بنا سکے جبکہ حسن علی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔بنگلہ دیش کی جانب سے تیج السلام نے 4، ناہید رانا نے 2 اور مہدی حسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلی اننگز میں بنگلہ دیش نے 278 جبکہ پاکستان نے 232 رنز اسکور کیے تھے۔
