اسلام آباد (ویب نیوز) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر دنیا بھر کے رہنماؤں اور حکومتوں نے پاکستانی قوم اور قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان نے پاکستانی قیادت اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ایران اور پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے ایک نیا موڑ ثابت ہوسکتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی پاکستان اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعلقات کے اعادے کا اظہار کیا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے پیغام میں کہا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں مزید اضافے کی امید ہے۔ بحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ نے بھی پاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی، جبکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے پاکستان کے جشنِ آزادی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مختلف ممالک کے رہنماؤں نے پاکستان کی خودمختاری، ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
