کوئٹہ (ویب نیوز)کسان بورڈ بلوچستان نے تحصیل دشت میں زمینداروں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور سیب، سبزی و دیگر پھلوں سے لدی گاڑیوں سے جبری رقوم وصول کرنے کے الزامات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کسان بورڈ قلات ڈویژن ضلع مستونگ کے صدر حاجی میر لیاقت کرد نے کہا کہ قدرتی آفات، مہنگائی اور بجلی کی طویل بندش سے پہلے ہی مشکلات کا شکار زمینداروں کے لیے مبینہ بھتہ وصولی مزید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر دشت کے مبینہ نامناسب رویے اور بھتہ وصولی کے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور اگر الزامات ثابت ہوں تو ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ حاجی میر لیاقت کرد نے خبردار کیا کہ اگر فروٹ اور سبزی بردار گاڑیوں سے مبینہ جبری وصولی کا سلسلہ بند نہ ہوا تو کسان بورڈ بلوچستان کے پلیٹ فارم سے صوبے بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
