کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر صحتبخت محمد کاکڑ نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سرحد پر واقع دانہ سر میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری حکومت غمزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی حکومت بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ دونوں صوبوں کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے، جبکہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو حادثے کی مکمل تحقیقات کرنے اور وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ صحت کو بھی تاکید کی کہ امدادی کارروائیوں، زخمیوں کے علاج اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ صوبائی وزیر نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
