کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے دانہ سر کے المناک بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی متعلقہ انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ان کے مطابق حادثے کا شکار بس میں اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے مسافر بھی سوار تھے، جس کے باعث گاڑی میں معمول سے زیادہ افراد موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کے علاج، جاں بحق افراد کی شناخت، متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت اور حادثے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنائے گی۔
