دالبندین(ویب ڈیسک) ضلع چاغی کے تحصیل دالبندین کے علاقے چارسر میں نامعلوم افراد نے فٹبال گراؤنڈ کی عمارت میں مبینہ طور پر دھماکا خیز مواد نصب کیا، جس کے نتیجے میں ہونے والے زوردار دھماکے سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے چارسر کے فٹبال گراؤنڈ کی عمارت میں بارودی مواد رکھا تھا، جس کے پھٹنے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور وہ تباہ ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور دھماکے میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔
