پاکستان ۶ ستمبر ۲۰۲۶

خیبر پختونخوا میں عملاً کوئی حکومت نہیں، مولانا فضل الرحمان

لاہور(ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں عملاً کوئی حکومت نہیں، جبکہ پنجاب میں امن و امان ہے لیکن دو صوبوں کا امن تباہ ہوگیا ہے۔ سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں میں اختیارات تقسیم کیے جائیں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں نہ پاکستانی سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور نہ بیرونی سرمایہ کار آ رہے ہیں، جبکہ وسط ایشیا سے تجارت بھی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ دھاندلی سے بنی ہے اور معدنی ذخائر کے معاملات میں وفاق، صوبوں اور عوام کا حصہ متعین ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں جے یو آئی نے 35 شقوں سے دستبرداری کرائی جو ان کے بقول جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے اشتراک و مشاورت کا نتیجہ تھا۔ مولانا فضل الرحمان نے محسن نقوی کے حوالے سے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا۔