اسلام آباد (ویب نیوز) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق بنوں میں کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ بارودی مواد کے ذریعے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا گیا۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 5 خوارج ہلاک ہوئے، فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا کر انہیں گھیرے میں لیا اور مؤثر کارروائی کی۔ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، ذرائع کے مطابق انہیں کوارڈ کاپٹر کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مقامی آبادی کو نقصان سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنایا گیا، جبکہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے وژن کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
