کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ کے علاقے خلجی کالونی میں گورنمنٹ گرلز اسکول کے سامنے دن دہاڑے چوری کی واردات کے دوران مسلح ملزمان نے مزاحمت پر اسکول کے سیکیورٹی گارڈ پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تین مسلح ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے لگے تو تیز رفتاری کے باعث ایک معصوم بچے کو بھی ٹکر مار دی، جس سے وہ بھی زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد مقامی افراد اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، تاہم ملزمان افراتفری میں اپنا ایک پستول اور موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی سیکیورٹی گارڈ اور بچے کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے اسلحہ اور موٹر سائیکل تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے کے مکینوں اور طالبات کے والدین میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
