کوئٹہ(ویب نیوز)خضدار کے علاقے وڈھ میں مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے باعث کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ گزشتہ تقریباً نو گھنٹوں سے بند ہے، جس سے دونوں جانب ہزاروں مسافر، ٹرانسپورٹرز اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز تک شاہراہ پر سفر نہ کیا جائے۔ حکام کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی کارروائیاں جاری ہیں اور شاہراہ کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد ہی ٹریفک بحال کی جائے گی، جبکہ پھنسے ہوئے مسافروں کے لیے امدادی سہولیات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ سامنے آیا ہے۔
