مقامی ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

خضدار میں مسلح افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق

خضدار (ویب نیوز) بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ کے پہاڑی علاقے آڑینجی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک پولیس اہلکار کو مبینہ طور پر اغوا کرکے ساتھ لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق آڑینجی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ فائرنگ کے بعد مسلح افراد ایک پولیس اہلکار کو مبینہ طور پر اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت اور واقعے کی مکمل وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں، جبکہ ملزمان کی تلاش اور مغوی پولیس اہلکار کی بازیابی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔