مقامی ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

خضدار میں سیرت النبی ﷺ تقریری مقابلہ، طلبہ و طالبات کی بھرپور شرکت

خضدار (ویب نیوز) ایسوسی ایشن فار کوالٹی آفاق کے زیر اہتمام خضدار پریس کلب میں سیرت النبی ﷺ تقریری مقابلہ جوش و خروش سے منعقد ہوا، جس میں ضلع خضدار کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور سیرت طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف سماجی شخصیت سلطان احمد شاہوانی تھے، جبکہ میر اشرف علی مینگل، محمد عالم جتک، فرزانہ سحر جاموٹ اور دیگر شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ مقررین نے نوجوان نسل کو سیرت رسول اکرم ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سیرت نبوی ﷺ کی تعلیمات امن، رواداری اور انسانیت کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔ تقریب کی میزبانی کے ایریا مینیجر منیر احمد ساسولی اور شیر احمد قمبرانی نے کی۔ منتظمین نے کہا کہ کا مقصد تعلیمی معیار کے ساتھ طلبہ میں دینی شعور اور اخلاقی تربیت کو فروغ دینا بھی ہے اور سیرت النبی ﷺ تقریری مقابلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ مقابلے کے ججز پینل میں ممتاز عالم دین مفتی عبدالقادر لہڑی، مولوی عبدالباسط، حافظ محمد احمد اور دیگر معززین شامل تھے، جنہوں نے طلبہ کی تقاریر کو الفاظ کی روانی، موضوع پر گرفت اور پیغام کی مؤثر ترسیل کی بنیاد پر جانچا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد مختلف اسکولوں اور کالجوں سے آئے طلبہ و طالبات نے مختلف زبانوں میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر تقاریر پیش کیں۔ مہمان خصوصی سلطان احمد شاہوانی نے کہا کہ نوجوانوں کو موجودہ دور میں سیرت نبوی ﷺ سے رہنمائی لینے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے اور ایسے پروگرام نئی نسل کو دینی و اخلاقی اقدار سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ میر اشرف علی مینگل اور محمد عالم جتک نے خضدار کے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پلیٹ فارم نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ فرزانہ سحر جاموٹ نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ خواتین کے مقام و مرتبے کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کرتی ہے اور بچیوں کی اس پروگرام میں شرکت خوش آئند ہے۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں مہمان خصوصی کے ہاتھوں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکا نے کہا کہ ایسے مقابلوں سے طلبہ کے اعتماد اور دینی معلومات میں اضافہ ہوتا ہے۔ آخر میں منیر احمد ساسولی نے تمام مہمانوں، ججز، اساتذہ اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی خضدار میں تعلیمی اور دینی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔