خضدار (ویب نیوز): خضدار کے علاقے جھالاوان کمپلیکس کے قریب دو افراد کے مبینہ لاپتہ ہونے پر ان کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ بلاک کر دی، جس سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ احتجاج میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے پیاروں کو بازیاب نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔ اس دوران ایک ضعیف والدہ قرآن پاک ہاتھ میں اٹھائے اپنے بیٹے کی بازیابی کی اپیل کرتی رہیں۔ لواحقین نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لاپتہ افراد کی جلد بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
