خضدار(ویب نیوز) رکن بلوچستان اسمبلی میر جہانزیب مینگل نے محکمہ زراعت کی آسامیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری نوکریاں کسی افسر، سیاسی شخصیت یا بااثر فرد کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ عوام کے بچوں کا حق اور ریاست کی امانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی پامالی، اقربا پروری، سفارش اور من پسند افراد کو نوازنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ زراعت کی آسامیوں کے پورے عمل کی فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات، میرٹ کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ میر جہانزیب مینگل نے واضح کیا کہ وڈھ اور خضدار کے نوجوانوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور میرٹ پامال ہونے کی صورت میں معاملہ بلوچستان اسمبلی سمیت ہر متعلقہ فورم پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔
