خاران:)صداقت ویب نیوز( خاران شہر میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ سراوان روڈ پر شیخ مسجد کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد ایک رہائشی گھر میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے نوراللہ اور حمیداللہ ولد رحم اللہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی شناخت و گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دونوں بھائیوں کی لاشیں سول اسپتال خاران منتقل کر دی گئیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
