اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے شفا انٹرنیشنل اسپتال سے علاج کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ عمران خان کا طبی معائنہ کسی سرکاری اسپتال میں کرایا جائے اور عدالتی حکم کے بعض نکات میں مناسب ترمیم کرکے ابہام دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سزا یافتہ قیدیوں کے علاج سے متعلق قانون میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور عموماً جیل سے باہر علاج کی صورت میں قیدی کو سرکاری اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔ اعظم نذیر تارڑ کے مطابق حکومت نے عدالتی حکم کا قانونی جائزہ لینے کے بعد نظرثانی کے ذریعے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اپنے قائد کے لیے این آر او حاصل کرنے کی خواہش نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، تاہم انہوں نے عمران خان کو فوری اور مکمل طبی سہولت فراہم کرنے کی حمایت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے، میڈیکل بورڈ تشکیل دینے، مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے اور اہلخانہ سے ہفتے میں ایک ملاقات جبکہ بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلی فونک گفتگو کی اجازت دینے کا حکم دیا ہے۔
