مقامی ۱۲ ستمبر ۲۰۲۶

حکومت نام نہاد یونین کے ذریعے شہداء کے خاندانوں کو خریدنے کی کوشش کر رہی ہے، رمضان اچکزئی

کوئٹہ(ویب نیوز) آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کے مرکزی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی نے سورینج کول مائنز حادثے میں شہید ہونے والے 36 کانکنوں کے لواحقین سے بعض کاغذی و جعلی تنظیموں کی جانب سے ملاقات کرکے انہیں چند لاکھ روپے میں کول مائنز مالکان سے تصفیے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی نام نہاد یونینز اور فیڈریشنز مزدوروں کے حقوق کے بجائے حکومتوں، آئی ایل او اور دیگر اداروں کے لیے پاکٹ تنظیموں کا کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر فیڈریشن کی آئینی درخواست کے باعث امید ہے کہ شہید کانکنوں کے لواحقین کو معاوضے کے ساتھ دیت بھی ملے گی اور حادثے کے ذمہ دار مائنز مالکان و متعلقہ سرکاری افسران کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے سورینج کول مائنز کیس میں ایس پی سیریس کرائمز کو تحقیقات کا حکم دیا ہے، جس کے بعد مائنز مالکان کاغذی اور پاکٹ یونینز کے ذریعے لواحقین پر تصفیے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 17 ستمبر 2026 کو ہونے والی سماعت میں عدالت سے درخواست کی جائے گی کہ حقیقی لواحقین کو طلب کرکے ان پر کسی قسم کے تصفیے کے دباؤ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ رمضان اچکزئی نے کہا کہ فیڈریشن نے ممتاز وکیل حفیظ اللہ درانی کے ذریعے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا ہے اور کانکنوں کی شہادتوں و معذوریوں پر سودا بازی کے بجائے ان کی جانوں کے تحفظ اور جائز حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔