مقامی ۹ مئی ۲۰۲۶

حکومت علما اور دینی قیادت کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے مبلغ اسلام شیخ مولانا محمد ادریس کی شہادت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت علما اور دینی قیادت کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جمعہ اجتماعات اور تعزیتی ریفرنسز کے دوران شہید عالم دین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ علما نے ملک کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں لیکن انہیں مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہاں تک کہ مولانا فضل الرحمن پر بھی کئی حملے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی خاموشی کمزور رٹ کی نشاندہی کرتی ہے اور حکومت کو فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرکے مدارس اور دینی قیادت کو تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔