پاکستان ۲۰ اگست ۲۰۲۶

حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرے گی، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرے گی۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عدالت نے جو رپورٹس پیش کی گئیں، ان کی بنیاد پر فیصلہ دیا ہے، یہ کسی سیاسی عمل کا نتیجہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسپتال سے متعلق وضاحت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے، کل سماعت کے بعد صورت حال واضح ہوجائے گی اور عدالتی فیصلے پر عمل بھی کیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے درمیان مسائل پیدا ہوں تو بیٹھ کر حل کیے جاتے ہیں، بلاول بھٹو نے یہ نہیں کہا کہ پوری دال کالی ہے، جو خرابی ہے اسے دور کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عسکری اور سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جن کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی ماضی میں جیل سے ایک سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔