یمن【ویب نیوز)حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے شہر جازان پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ حوثیوں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی سعودی فضائی حملوں کے جواب میں کی گئی ہے اور اگر حملے جاری رہے تو مزید جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔ دوسری جانب سعودی میڈیا نے حملے کی تصدیق نہیں کی، تاہم جازان اور ینبع میں قومی انتباہی نظام کے تحت ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری کیا گیا۔ سعودی سول ڈیفنس نے بعد ازاں اعلان کیا کہ دونوں علاقوں میں خطرہ ٹل گیا ہے اور شہری حفاظتی ہدایات پر عمل جاری رکھیں۔ اس سے قبل سعودی فوجی اتحاد نے یمن کے الحدیدہ گورنریٹ میں حوثیوں کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کارروائی بحیرۂ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے کی گئی، جبکہ حوثیوں نے 20 جولائی کو سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے سعودی تیل بردار جہازوں کو بھی ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
