مقامی ۲۲ جولائی ۲۰۲۶

حاجی غیبی روڈ پر ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد کی جائے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ نے حاجی غیبی روڈ اور ملحقہ رہائشی علاقوں میں بھاری ٹریکٹروں کی تیز رفتاری اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ پارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ اسکول اوقات میں بھاری گاڑیوں کی آمدورفت طلبہ، خواتین، بزرگوں اور دیگر شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جبکہ ماضی میں بھی ایسے حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔ پارٹی نے ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ تیز رفتاری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اسکول کے اوقات میں ہیوی ٹریفک مکمل طور پر بند کی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔