تازہ ترین ۲۲ اگست ۲۰۲۶

جیکب آباد پولیس نے ڈاکوؤں کے ہاتھوں چھینے اور چوری شدہ 17 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں

جیکب آباد (ویب نیوز) جیکب آباد پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران شہریوں سے ڈاکوؤں کی جانب سے چھینی گئی اور چوری شدہ 17 موٹر سائیکلیں برآمد کرکے قانونی کارروائی، مکمل تصدیق اور ویریفکیشن کے بعد اصل مالکان کے حوالے کر دی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق شاہین پولیس فورس کے انچارج، آئی ٹی انچارج اور سی آئی اے انچارج کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران مختلف افراد سے 17 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ جیکب آباد کے ایس ایس پی کیپٹن (ر) فیضان علی نے کارروائیاں کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چوری اور ڈکیتی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ شہریوں کے تحفظ اور ان کی قیمتی املاک کی بازیابی کے لیے جیکب آباد پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔