پاکستان ۲ جولائی ۲۰۲۶

جیل اصلاحات کانفرنس سے خطاب، مریم نواز نے قید کے دوران پیش آنے والے تجربات بیان کر دیے

لاہور (ویب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جیل اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی گفتگو نہیں کرنا چاہتیں بلکہ جیل میں گزارے گئے اپنے تجربات کی بنیاد پر اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قید کے دوران ایک موقع پر شوگر کم ہونے سے ان کی طبیعت بگڑ گئی، مدد کے لیے آوازیں لگائیں مگر کوئی نہ آیا، حتیٰ کہ انہیں ٹوٹی ہوئی بوتل سے گڑ کھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اسی تجربے کے بعد جیلوں میں ایمرجنسی پینک بٹن کا نظام متعارف کرایا گیا۔ مریم نواز نے بتایا کہ انہیں طویل عرصہ تنہائی میں رکھا گیا، کمرے میں مناسب واش روم کی سہولت بھی موجود نہیں تھی، جبکہ والدہ کی وفات کے وقت بھی ان سے آخری ملاقات نہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہی تلخ تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں جیل اصلاحات کا آغاز کیا گیا، جبکہ تقریب کے آغاز میں جیل اصلاحات سے متعلق ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔