تہران (ویب نیوز) ایران کے وزیرِ تیل محسن پاک نژاد نے کہا ہے کہ ایران نے حالیہ جنگ کے دوران 11 ارب 50 کروڑ ڈالر جبکہ جنگ بندی کے عرصے میں مزید 6 ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کا تیل فروخت کیا، یوں مجموعی فروخت 18 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ ان کے مطابق جنگ بندی کے بعد خطرات میں کمی آنے سے تیل کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایران تقریباً 10 کروڑ بیرل ذخیرہ شدہ خام تیل اور گیس کے ذخائر کا ایک حصہ فروخت کرنے میں کامیاب رہا۔ وزیرِ تیل نے بتایا کہ اس فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی حکومت کے سالانہ بجٹ میں تیل سے متوقع آمدنی کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ رہی، جس سے ملکی خزانے کو خاطر خواہ مالی فائدہ پہنچا۔
