کوئٹہ(ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام نظریاتی پاکستان کے قائمقام امیر مولانا عبدالقادر لونی اور دیگر صوبائی رہنماؤں نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی شہادت، ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کے زخمی ہونے اور خاران میں جماعت کے ضلعی رہنما حافظ کبیر احمد اچکزئی اور ان کے صاحبزادے کی شہادت پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بدترین ہوچکی ہے اور صوبائی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے، اس لیے اگر حکومت امن قائم نہیں کرسکتی تو اسے مستعفی ہوجانا چاہیے۔ رہنماؤں نے کہا کہ مسلسل دہشت گردی، قتل و غارت اور قومی شاہراہوں پر عدم تحفظ کے باعث عوام شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہدا کو قومی شہدا قرار دے کر قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں۔
