کوئٹہ (ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کوئٹہ کی ضلعی قیادت نے تنظیمی استحکام اور مختلف یونٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ابوبکر صدیق یونٹ، کلی اسماعیل، جناح ٹاؤن، کلی شابو، مسلم اتحاد کالونی، شمس المدارس غفور ٹاؤن، عبداللہ ابن زبیر، عبداللہ بن مسعود اور ملک حسن کالونی سمیت متعدد یونٹس کے تفصیلی دورے کیے۔ اس موقع پر پارٹی کے رہنماؤں اور عہدیداروں نے تنظیمی سرگرمیوں، عوامی رابطہ مہم، جاری امور اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ جمعیت علمائے اسلام کوئٹہ کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق اور جنرل سیکریٹری حاجی عین اللہ شمس نے کہا کہ مخالف قوتوں نے ہمیشہ جمعیت کا راستہ روکنے کی کوشش کی، تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوام کی حمایت سے یہ تمام کوششیں ناکام ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت اور عوام کا رشتہ مضبوط اور ناقابلِ تقسیم ہے، جو جماعت کی اصل طاقت ہے، جبکہ ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ تنظیم کو مزید فعال اور منظم بنائیں، دعوتی، تنظیمی اور فلاحی سرگرمیوں کو وسعت دیں اور عوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کریں تاکہ جمعیت کا پیغام ہر گھر تک پہنچ سکے۔
