کوئٹہ (ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکریٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان اور ملک بھر کے پولیس شہداء نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کو امن کا تحفہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء حقیقی قومی ہیرو ہیں، جنہوں نے عوام کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنا آج قربان کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے انتہائی مشکل حالات میں بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور فرض شناسی کی مثال قائم کی اور امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں اور شہداء کے خاندانوں کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) شہداء کے لواحقین کی فلاح، پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گی، جبکہ انہوں نے تمام شہداء کے درجات کی بلندی، زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔
