کوئٹہ (ویب نیوز)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ورلڈ پاپولیشن ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی 2026 کے اختتام تک 26 کروڑ تک پہنچ جائے گی، جس سے ملک کو بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے اور نوجوانوں کو مہارت یافتہ، صحت مند اور پیداوار افرادی قوت میں تبدیل کرنے جیسے بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان نوجوان آبادی کے حوالے سے منفرد حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے معیاری تعلیم، جدید مہارتوں، روزگار کے مواقع اور فیملی پلاننگ سے متعلق عوامی آگاہی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنر نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر پارلیمانی سیکرٹری پرنس آغا عمر احمدزئی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ آبادی سے متعلق آگاہی مہم کو ضلع اور یونین کونسل کی سطح تک وسعت دی جائے۔
