کوئٹہ (ویب نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پارلیمان کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران مذاکرات اور سفارتی معاملات میں امریکہ کے لیے پہلے سے اعلان کردہ سات شرائط پر قائم ہے۔ ان شرائط میں پابندیوں کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی رہائی اور خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں کمی سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔ کمیٹی کے ترجمان حسن قشقاوی کے مطابق اجلاس میں حالیہ علاقائی صورت حال، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے وفود کے دورۂ ایران اور اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ کسی بھی غیر معمولی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
