*تفتان (ویب نیوز) تفتان بارڈر پر گزشتہ چار ماہ سے تقریباً 400 گاڑیاں پھنس جانے کے باعث گاڑی مالکان اور ڈرائیور شدید پریشانی اور مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے گاڑیوں کے بارڈر پر رکے رہنے سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، جبکہ رہائش، خوراک اور دیگر اخراجات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق کئی ماہ گزرنے کے باوجود مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ متاثرہ مالکان اور ڈرائیوروں نے وفاقی اور صوبائی حکومت، متعلقہ حکام اور کسٹمز انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے تفتان بارڈر پر پھنسی گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ چار ماہ سے جاری مشکلات کا خاتمہ ہو اور مزید مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
