پاکستان ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

تفتان بارڈر پر چار ماہ سے سینکڑوں تجارتی گاڑیاں پھنس گئیں، فوری کلیئرنس کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز)ایران سے ملحقہ تفتان بارڈر پر گزشتہ چار ماہ سے تقریباً 400 تجارتی اور مال بردار گاڑیوں کی کلیئرنس نہ ہونے کے باعث گاڑی مالکان، ڈرائیور اور مزدور شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ طویل تاخیر کے باعث انہیں لاکھوں روپے کے نقصانات، رہائش، خوراک، گاڑیوں کی دیکھ بھال اور دیگر اضافی اخراجات کا سامنا ہے، جبکہ بینک قرضوں پر خریدی گئی گاڑیوں کی اقساط کی ادائیگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بارہا متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے باوجود مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا جا سکا، جس سے سرحدی تجارت اور ٹرانسپورٹ کا شعبہ بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ سماجی و تجارتی حلقوں نے حکومت، کسٹمز حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پھنسے ہوئے مال بردار ٹرکوں کی فوری کلیئرنس، اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور مستقبل میں ایسی تاخیر سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ سرحدی تجارت معمول پر آ سکے اور متاثرہ خاندانوں کو مزید مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔