راولپنڈی (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) ترک مسلح افواج کے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور قریبی دوطرفہ روابط کو اجاگر کیا گیا، جبکہ ترک مسلح افواج کی بہادری، قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی و تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں پاک فوج کے افسران، ترک سفارتخانے کے حکام اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی، جبکہ اختتام پر ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
