مقامی ۱۰ ستمبر ۲۰۲۶

ترقیاتی منصوبوں میں مقامی ٹھیکیداروں کو ترجیح دی جائے؛ نیک محمد کاکڑ

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نیک محمد کاکڑ نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے کی ترقیاتی اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے والی ٹھیکیدار برادری کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور ترقیاتی منصوبوں میں مقامی ٹھیکیداروں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے یہ بات بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد کے ہمراہ بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں تعمیراتی شعبے، ٹینڈرز، بولی کے عمل، سکیورٹی مسائل، مالی مشکلات اور سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں مقامی ٹھیکیداروں کی شرکت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیک محمد کاکڑ نے کہا کہ مقامی ٹھیکیدار بلوچستان کے جغرافیائی حالات اور علاقائی ضروریات سے بہتر طور پر واقف ہیں، اس لیے ترقیاتی منصوبوں میں انہیں مناسب اور مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹینڈر اور بولی کے عمل کو مزید شفاف، آسان اور مقامی ٹھیکیداروں کے لیے قابلِ رسائی بنایا جائے جبکہ سکیورٹی، مالی اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ٹھیکیداروں کے بقایاجات کی بروقت ادائیگی کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ادائیگیوں میں تاخیر سے ٹھیکیدار شدید مالی مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، جس سے نہ صرف منصوبوں کی رفتار متاثر ہوتی ہے بلکہ تعمیراتی شعبے سے وابستہ ہزاروں افراد کا روزگار بھی متاثر ہوتا ہے۔ وفد نے اور دیگر شرائط و قوانین کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات پیش کیے اور مطالبہ کیا کہ ایسے شرائط کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے جو مقامی ٹھیکیداروں کے لیے غیر ضروری مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ نیک محمد کاکڑ نے زور دیا کہ سرکاری تعمیراتی منصوبوں کے ٹینڈرز پاکستان انجینئرنگ کونسل کے معیار اور متعلقہ قوانین کے مطابق اہل، رجسٹرڈ اور تجربہ کار ٹھیکیداروں کو دیے جائیں تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں معیاری انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔ بی پی پی آر اے کے منیجنگ ڈائریکٹر نے وفد کے مسائل اور مطالبات سنے اور متعلقہ امور کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔