مقامی ۳ ستمبر ۲۰۲۶

تربت میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف سے مبینہ بدسلوکی قابل مذمت ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

تربت (ویب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے تربت ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی مبینہ تذلیل اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے طبی عملے اور صحافی برادری سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار روز سے کیچ خصوصاً تربت میں آمدورفت شدید متاثر ہے اور شاہراہیں بند ہونے کے باعث مریضوں، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہسپتال تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، جو تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی عملے کو ہسپتال جانے سے روکنے سے بنیادی صحت کی سہولیات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ صحافیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی بھی قابل مذمت ہے۔ نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ مبینہ واقعات کا جائزہ لے کر ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور شہریوں، ڈاکٹروں، طبی عملے اور صحافیوں کے احترام و تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔