پاکستان ۹ اگست ۲۰۲۶

تربت میں ردالفتنہ 3 آپریشن، بی ایل اے کے 6 دہشت گرد ہلاک، تین خودکش جیکٹس برآمد

تربت، راولپنڈی(ویب نیوز)بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری ’’ردالفتنہ 3‘‘ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے تربت کے ایک پہاڑی علاقے میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے وابستہ 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ان کے مشتبہ ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 6 مسلح افراد ہلاک ہوگئے۔ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر فوجی سازوسامان برآمد کیا گیا، جبکہ تین خودکش جیکٹس بھی سکیورٹی فورسز کے قبضے میں آگئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والی خودکش جیکٹس کو محفوظ بنانے کے لیے متعلقہ ماہرین کی جانب سے تکنیکی جائزے کے عمل سے گزارا جارہا ہے، جبکہ علاقے میں مزید مشتبہ ٹھکانوں اور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز دہشت گردوں کے نیٹ ورکس، خفیہ ٹھکانوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے جاری ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔