کوئٹہ (ویب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساوتھ) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرتے ہوئے ایف سی کے جدید ترین ہسپتال کا افتتاح کیا اور وہاں دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے او پی ڈی، مختلف وارڈز، ایم آر آئی، سی ٹی اسکین رومز اور آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز، نرسز و پیرا میڈیکل عملے سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں خدمتِ انسانیت کے جذبے سے فرائض انجام دینے کی تلقین کی۔ محسن نقوی نے مختصر مدت میں ہسپتال کو فعال بنانے پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساوتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ یہ ہسپتال تربت اور گردونواح کے عوام کے لیے اہم سہولت ثابت ہوگا۔ اس موقع پر انہیں ہسپتال کی طبی سہولیات، فورس کی پیشہ ورانہ تربیت اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ انہوں نے ایف سی بلوچستان (ساوتھ) کی دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی مکمل معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
