کوئٹہ (ویب نیوز)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کی قیادت نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل اور مطالبات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بی یو جے کی جانب سے تحریری مطالبات پیش کیے گئے جن پر وزیر اعلیٰ نے من و عن عملدرآمد اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ صحافیوں کے مسائل وفاقی حکومت اور پیمرا کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے، جبکہ مختلف میڈیا ہاؤسز کے بند بیوروز کی بحالی کے لیے بھی ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کی مثبت یقین دہانی کے بعد بی یو جے کی قیادت نے صوبائی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پر آج ہونے والے بائیکاٹ اور احتجاجی مظاہرے کو ایک روز کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ کے معاون برائے میڈیا شاہد رند اور پریس سیکرٹری شیخ عبدالرزاق نے کوئٹہ پریس کلب کا دورہ کرکے بی یو جے اور پریس کلب قیادت تک وزیر اعلیٰ کا خصوصی پیغام پہنچایا، جس کے بعد مذاکرات کامیاب ہوئے اور احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
