کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے انجینئرز اور آرکیٹیکٹس فورم نے بلوچستان میڈیا فورم کے پہلے مرکزی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرکزی رہنما قیوم بلوچ، جنرل سیکرٹری اللہ داد رند سمیت تمام مرکزی و ڈویژنل عہدیداران اور ارکان کو مبارکباد دی ہے۔ پشتونخوا نیپ انجینئرز اینڈ آرکیٹیکٹس فورم کے مرکزی کوآرڈینیٹر انجینئر اسلم مندوخیل نے اپنے بیان میں کہا کہ صحافی معاشرے کا ایک اہم اور حساس طبقہ ہیں جو عوامی مسائل، سماجی معاملات اور حکومتی اداروں کی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہیں اور عوام و سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جیسے مختلف مسائل سے دوچار صوبے میں صحافیوں کی ذمہ داریاں مزید اہم ہوجاتی ہیں، جہاں مقامی صحافی دور دراز علاقوں کے عوام کے مسائل، تعلیم، صحت، روزگار، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات سے متعلق مشکلات کو اجاگر کرتے ہیں، تاہم پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران انہیں متعدد مشکلات کا سامنا بھی رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میڈیا فورم کا قیام صحافیوں کے اتحاد، باہمی رابطے، پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ اور علاقائی صحافت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فورم کی قیادت صحافیوں کے مسائل کے حل، مقامی اخبارات اور میڈیا کارکنوں کے حقوق کے تحفظ اور مثبت صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
