مقامی ۱۵ ستمبر ۲۰۲۶

بیک ڈور رابطوں کا ماحول اس مرتبہ کچھ ٹھنڈا ہے، بات چیت ہونی چاہیے: بیرسٹر گوہر

کوئٹہ(ویب نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بیک ڈور رابطوں کا ماحول اس مرتبہ کچھ ٹھنڈا ہے، تاہم سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکالا جانا چاہیے۔ اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ساتھ لاہور میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے میں مناسب سکیورٹی فراہم کرنا صوبائی اداروں کی ذمہ داری ہے اور ایسے رویے سے نفرتیں بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پرامن ہے اور اپنے حقوق و انصاف کی بات کررہی ہے، 27 ستمبر کو بھی پرامن طریقے سے اسلام آباد آئے گی، نہ راستے بند کیے جائیں گے اور نہ سرکاری مشینری استعمال ہوگی۔ بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی صحت اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات کو عدالتوں کے ذریعے مزید پیچیدہ نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے اور دہشت گردی کے معاملے پر سیاست کے بجائے امن کے لیے مشترکہ کوششیں ہونی چاہئیں۔