مقامی ۱۳ ستمبر ۲۰۲۶

بیلہ، پیپلز پارٹی کو گراس روٹس لیول تک فعال بنایا جائے گا، کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سردار عمر گورگیج

بیلہ(ویب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو گراس روٹس لیول تک مزید مضبوط، منظم اور فعال بنایا جائے گا، جبکہ کارکنوں کے جائز مسائل کے حل اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ بیلہ میں صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی، صوبائی کونسل، ڈویژنل و ضلعی عہدیداران اور پارٹی کے تمام ونگز و فورمز کے مشترکہ اجلاس میں تنظیمی امور، عوامی مسائل اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ سردار عمر گورگیج نے کہا کہ یونٹ، یونین کونسل، تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر تنظیم کو فعال کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور کارکنوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سردار باز محمد خان کھیتران نے کہا کہ پارٹی کی اصل طاقت کارکن اور تنظیم ہیں، اس لیے قیادت اور کارکنوں کے درمیان رابطے مزید مضبوط کیے جائیں گے۔ اجلاس میں پارٹی سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے جلد فعال کرنے، عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور پارٹی منشور و قیادت کا پیغام عوام تک پہنچانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔